سندھ کابینہ کا اجلاس: پیپلز بس سروس کا کرایہ 50 روپے برقرار رکھنے کا فیصلہ

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا۔

 

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری اور متعلقہ افسران شریک ہوئے، محکمہ ٹرانسپورٹ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیپلز بس سروس کے لئے نگران حکومت کا 50 روپے کا کرایہ برقرار رکھا گیا تھا۔

بریفنگ میں بتایا کہ 50 روپے کرایہ 6 ماہ جنوری تا جون 2024ء تک مقرر کیا گیا تھا، 50 روپے کرایہ مقرر کرنے کے لئے 579.758 ملین روپے 6 ماہ کی سبسڈی کے طورپر منظور کئے گئے، 579.756 ملین روپے میں سے 289.878 ملین روپے جاری ہوچکے ہیں۔

کابینہ نے 50 روپے پیپلز بس سروس کا کرایہ مقرر کر کے باقی 289.878 ملین روپے جاری کرنے کی ہدایت دی، محکمہ تعلیم نے اجلاس کو بتایا کہ ٹیکسٹ بک بورڈ کے لئے 1011.124 ملین روپے نصابی کتابوں کے لئے درکار ہیں، نصاب کی یہ کتابیں پہلی کلاس سے میٹرک جماعت کے لئے ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا نگران حکومت نے 3.5 بلین روپے منظور کئے تھے، ٹیکسٹ بک بورڈ کا ریگولر بجٹ 2350 ملین روپے ہے، جس میں 1265 ملین روپے جاری ہوچکے ہیں، کابینہ نے نصابی کتابوں کے لئے 1.011 بلین روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کا آڈٹ کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں