تحفظ آئین تحریک کسانوں کا بھرپور ساتھ دے گی، محمود اچکزئی کا اعلان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحفظ آئین تحریک کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں کسانوں کے ساتھ تماشا ہو رہا ہے، تحفظ آئین تحریک کسانوں کا بھرپور ساتھ دے گی۔

اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود اچکزئی اور رہنما اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں، گندم سکینڈل پر نوٹس لیں۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمیں اپنے دوستوں پر بھروسہ ہے، اچھی بات ہے امریکی سفیر نے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کی، امریکی سفیرکےسامنےاپنا موقف رکھا ہم ایک آزاد قوم ہیں، ہم ملک میں آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔

اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ ایک طرف کہتے ہیں ملک میں سرمایہ کاری لانا چاہتے ہیں، دوسری طرف عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، ہمیں تاحال جلسوں کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں ہماری شنوائی ہونا خوش آئند ہے، اگرعدالتیں اسی طرح فیصلہ کریں گی تو بہت جلد تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔

گندم سکینڈل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایک طرف خیرات مانگتے ہیں دوسری طرف گندم امپورٹ کرتے ہیں، کسانوں کا بہت برا حال ہے، گندم سکینڈل میں شہباز شریف الزام تراشی کر کے ڈرامہ بازی کر رہے ہیں، شہباز شریف گندم سکینڈل میں ملوث ہے، گندم سکینڈل میں ملوث تمام لوگوں سے پیسے ریکور ہونے چاہئیں۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے پاس مینڈیٹ ہے نہ کوئی اخلاقی جواز، ہم اس حکومت کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے ہیں، ہماری کوشش ہے ناجائز حکومت کے خلاف سب اکٹھے ہوں، ناجائز حکومت کو ہم تسلیم نہیں کرتے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں