جولائی میں شدید بارشیں، این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جولائی میں ممکنہ شدید بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مردان، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے مختلف مقامات پر 21 جولائی تک ہلکی بارشیں متوقع ہیں، 21 جولائی سے تینوں ڈویژنز میں موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یکم سے 15 جولائی تک لاہور، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں، 15 جولائی تک اسلام آباد میں 15 تا 50 ملی میٹر بارش ہوگی، جولائی کے آخر میں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی خان میں پہاڑوں پر، ساہیوال، ملتان اور بہاولپور میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، میرپورخاص، کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ، لاڑکانہ اور سکھرمیں جولائی کے مہینے میں 30 تا 75 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی کے دوسرے اور چوتھے ہفتے میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جولائی کے چوتھے ہفتے میں گلگت بلتستان کے ضلع استور میں بارش متوقع ہے، آزاد جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر موسلادھاربارشیں ہو سکتی ہیں، بارشوں سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں