ہمیں ہر قیمت پر آئی ایم ایف اور مغرب کی غلامی سے نکلنا ہوگا: مفتی تقی عثمانی

کراچی :(دنیا نیوز) عالم دین مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہےکہ ہمیں ہر قیمت پر آئی ایم ایف اور مغرب کی غلامی سے نکلنا ہوگا۔

عالم دین مفتی تقی عثمانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا ہر بچہ لاکھوں روپے کا مقروض ہے، ہم آئی ایم ایف کے غلام ہو گئے ہیں، ہم غلام ہیں تو ہمیں عالمی اداروں کی بات ماننا پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دو طرح کے وسائل موجود ہیں ،دنیا بھر کے تھینک ٹینک طویل مدتی پالیسیوں پر عمل درآمد کررہے ہیں، زرمبادلہ میں کمی کے باوجود ہم ایکسپورٹ پر پابندی نہیں لگا سکتے،موجودہ حالات میں اسلامی قوانین نافذ کرنا بہت مشکل ہے۔

مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ تحریک چلائی جائے کہ ہمیں غیر ملکی اشیا اپنے پاس نہیں رکھنی، ہرالیکشن میں دھاندلی کی باتیں ہوتی ہیں،ان حالات سے نکلنے کیلئے ہمیں اپنی سوچ بدلنا ہو گی ،سود کے شکنجے سے نکلنے کیلئے ہمیں منصوبہ بندی کرنا ہوگی، ہمیں ہر قیمت پر مغرب کی غلامی سے نکلنا ہوگا۔

اپنی گفتگو میں سوال اٹھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انگریز جو ریلوے لائن ڈال کرگئے، اس کے بعدکوئی لائن نہیں ڈالی گئی، جھیل سیف الملوک کے راستے کو آج تک پکا نہیں کرسکے، پوچھتا ہوں کہ کون سی قدرتی دولت ہمارے پاس موجود نہیں؟ سوال یہ ہے کہ غلطی کہاں ہوئی، جڑ کہاں ہے؟

انہوں نے کہا کہ اس صورت میں گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے معاشرے کے مختلف طبقات ملک کی فلاح و بہبود کے لیے اکٹھے ہوں، اور سوچ کر راہ نکالیں کہ ہم کس طرح اس غلامی سے نکل سکتے ہیں۔

مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کسی ملک کی اکانومی کی شہ رگ کی حیثیت رکھتے ہیں، تاجر فیصلہ کرلیں کہ مقامی مصنوعات  کو فروغ دیں گے، ہمیں غیر ضروری غیرملکی پرتعیش اشیا پر پابندی لگانا ہو گی، دشمنوں کی مدد کرنے والی غیر ملکی درآمدات پر پابندی عائد کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک چلائی جائے کہ ہمیں غیر ملکی اشیا اپنے پاس نہیں رکھنی، ہرالیکشن میں دھاندلی کے شور کے بعد دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ شروع ہو جاتا ہے، ہمیں ملک کی اکانومی بچانے کیلئے متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں