اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر میں سستی پر ایکشن، ٹھیکیدار اور کنسلٹنٹ بلیک لسٹ

اسلام آباد: (یاسر ملک) اسلام آباد ماڈل جیل کی 100 دن میں تعمیر میں سستی پر چیئرمین و چیف کمشنر سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ایکشن لیتے ہوئے ٹھیکیدار اور کنسلٹنٹ کو بلیک لسٹ کر دیا۔

اسلام آباد ماڈل جیل ایچ 13 میں تعمیر کی جانی ہے، وزیرداخلہ کی ہدایت پر جیل کو 100 دن میں مکمل کیا جانا تھا، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے جیل کا دورہ کیا، جیل کی تعمیر بروقت نہ ہونے پر ٹھیکیدار اور کنسلٹنٹ کو بلیک لسٹ کر دیا۔

جیل کی تعمیر کا معاملہ پی ڈبلیو ڈی کے پاس تھا لیکن اب چیئرمین سی ڈی اے نے فوری طور پر ممبر انجینئرنگ محمد حافظ خالد کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ جیل کی تعمیر کے معاملات خود دیکھیں، انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ساتھ جلد از جلد میٹنگ بلانے کی بھی ہدایت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے جیل کی تعمیر پر کام کرنے والے دیگر ٹھیکیداروں کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں، چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ جیل کو مکمل کرنے کا جو ٹائم ہے اس کے مطابق کام کرنے کی صورت میں نئی ٹیم تعینات کی جائے گی، جیل کی بروقت تکمیل کیلئے نئے ٹھیکیدار کو کام دے دیا گیا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں