شبلی فراز اور عمرایوب کے جوڈیشل کمیشن کو خط’سیاسی شعبدہ بازی ‘ہے: اعظم تارڑ

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے جوڈیشل کمیشن کے چیئرمین کو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز کے خطوط کو ’سیاسی شعبدہ بازی‘ قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آئینی فورمز کو سیاسی مفادات کے لئے استعمال کرنا افسوسناک اور پارلیمانی روایات کے برعکس ہے، سپریم کورٹ میں زیرالتوا مقدمات کو نمٹانے اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے ایڈہاک ججز کا تقرر بار کونسلز اور ایسوسی ایشنز کے مطالبے پر کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم نے دیکھا کہ جوڈیشل کمیشن نے آئین کے مطابق بھاری اکثریت سے ایڈہاک ججوں کی تعیناتی کی منظوری دی، جوڈیشل کمیشن کے چیئرمین کو خط لکھنا صرف سیاست ہے کیونکہ آئینی ادارے کے سربراہ خود جواب نہیں دیتے آئینی فورمز کو آئینی کام کرنے دیں، انہیں سیاست کی نذر نہ کریں۔

واضح رہے شبلی فراز اور عمر ایوب نے بھی چئیرمین اور اراکین جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ کر سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججوں کی تعیناتی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں