سیف سٹیز اتھارٹی ن لیگ کا شاہکار منصوبہ، جلد پنجاب میں پھیلا دیں گے: مریم نواز

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیف سٹیز منصوبہ ن لیگ کا شاہکار منصوبہ ہےجسے پنجاب میں پھیلا دیں گے۔

سیف سٹی اتھارٹیز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیف سٹیز میں آج دوبارہ آکر بہت اچھا لگا ، آپ کی پوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں جو شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنارہے ہیں ،آج چلڈرن ورچوئل پولیس سٹیشن کا افتتاح کیا ہے، بچوں کےاغوا،زیادتی،دیگرجرائم سےمتعلق رجوع کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نےکہا کہ سیف سٹیز نے میری توقعات سے بڑھ کر کام کیا ،سیف سٹیز کی وجہ سے قیام امن میں بہتری آرہی ہے اور اس کی سروسز وقت گزرنے کے ساتھ بہتر ہورہی ہے، سیف سٹیز منصوبہ پورے ملک میں لے کر جائیں گے ، آئندہ چند ماہ میں 18شہروں میں سیف سٹیز منصوبے لگائیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے سیف سٹیز اتھارٹی جیسا پائلٹ پراجیکٹ لاہور میں شروع کیا ، شہباز شریف سے کہوں گی کہ اس منصوبے کو جلد ازجلد پورے پنجاب میں پھیلا دیں، مجھے یقین ہے کہ شہباز شریف کے اس پراجیکٹ سے یہاں کے عوام بے حد خوش ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے تین ماہ قبل ویمن اور چلڈرن ورچوئل منصوبے کا بھی آغاز کردیا گیا، ڈولفن فورسز کے 1200اہلکار اور 15 کے اہلکار اس کے ساتھ منسلک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کےلیےسیف سٹی کال بیک سروس شروع کی گئی ہے، عوام کی خدمت کےلیے15کی طرف سے18ہزارفون کالز کی گئیں، جس پر فوری رسپانس دیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ چند روز قبل یہاں کی خواتین ملازمین سے بات چیت ہوئی ، جنہوں نے بتایا کہ انہیں ہاسٹل کا مسئلہ درپیش ہے، اس کے حل کیلئے جلد اقدامات کیے جائیں گے ، عوام کی فلاح وبہبود ہماری ترجیح ہے،  پنجاب ترقی میں لیڈ کررہا ہے، خدمت میں بھی ریکارڈ بنائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جس شہر میں بھی سیف سٹیز منصوبے بنائے جائیں گے وہاں پر عوام کو وائی فائی کی فری سروس دی جائے گی ۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں