چیف جسٹس کو ایکسٹینشن دینے کیلئے نظام لپیٹا جارہا ہے: علیمہ خان
راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ایکسٹینشن دینے کیلئے نظام لپیٹا جارہا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ آج ہماری بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے، پرسوں عمران خان نے کہا تھا کہ حکمرانوں نے ارادہ کرلیا ہے مجھے جیل میں ہی ختم کریں گے، یہ شریفوں کی حکومت ہے،ایک بار انہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، چیف جسٹس اپنی جان بچا کر بھاگے تھے۔
انہوں نے کہا کہ دو دن قبل انہوں نے قومی اسمبلی پر حملہ کیا ہے، قومی اسمبلی کے ممبرز کو اغوا کر کے لے گئے، انہوں نے جمہوریت پر حملہ کیا ہے، بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ایکسٹینشن دینے کیلئے نظام لپیٹا جارہا ہے، یہ ایک طرف جمہوریت اور دوسری طرف نظام انصاف پر حملہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بے دھڑک کھلے عام سب کے سامنے ایسی حرکتیں ہورہی ہیں، کل اس ظلم اور نظام سے کوئی محفوظ نہیں ہوگا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اس نظام کو بچانے کیلئے قوم کا خود نکلنا پڑے گا،پرامن احتجاج سے اپنا حق مانگیں گے، بانی پی ٹی آئی نے پورے پاکستان کو کال دی ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ سنگجانی کے جلسے سے حکمران پریشان ہیں،انہوں نے جلسہ روکنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا، انہوں نے 2 ہزار کنٹینرز لگا کرہر سڑک بند کردی، اب ان کو لاہور کے جلسے سے پریشانی ہے، لاہور کا جلسہ پرامن ہوگا،تمام خواتین شامل ہوں گی، ہم اپنی آزادی کیلئے کھڑے ہوں گے،یہ ہمارا حق ہے۔
سلمان اکرم راجہ
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ قوم کو یہ کہا جارہا ہے کہ اس ملک میں کوئی قانون اور شرافت نہیں، ہم سب کی مائیں،بہنیں اور بیٹیاں ہیں، ریاست ایک آئینی ترمیم کیلئے دباؤ ڈالنے کیلئے لوگوں کی بیٹیوں کو اغوا کررہی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے مستقبل اب عوام کے ہاتھ میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی ریاست بن چکا ہے جس کا مقصد چھوٹے سے طبقے کو فائدہ دینا ہے، بانی پی ٹی آئی کا قوم کیلئے ایک ہی پیغام ہے، پاکستان کو بچانا ہوگا، قوم کو اپنے حقوق کیلئے باہر نکلنا ہو گا۔