حکومت ڈھٹائی سے پی ٹی آئی کے منصوبوں کو لیکر چل رہی ہے: احمد خان بھچر
لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ حکومت بڑی ڈھٹائی کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کے منصوبوں کو لے کر چل رہی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ کل اسمبلی میں حکومتی کارکردگی کی قلعی کھل گئی، ہمارے تین سالہ دور میں انہوں نے ہم پر بہت تنقید کی، کٹے،وچھے اور گائے پر ان کی پریس کانفرنسز نہیں رکتی تھیں، آج یہ کسی اور جماعت کے منصوبوں کو سبوتاژ کرکے اپنے ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے آپ ان اشتہاروں کیلئے کتنا پیسہ دے رہے ہیں؟ وزیراعلیٰ کہتی ہیں میں نیا ویژن اور پنجاب لے کر آرہی ہوں، یہ بڑی ڈھٹائی کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کے منصوبوں کو لیکر چل رہے ہیں، ہم نے بی آئی ایس پی کا نام تبدیل نہیں کیا، ریسکیو 1122چودھری پرویز الہٰی نے منصوبہ بنایا ،اس کا کریڈٹ تو کسی نے نہیں لیا۔
ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ جو آپ نے سموگ کیلئے 10ارب روپے رکھے ہیں وہ کہاں گئے؟ آپ ریسٹورنٹس کو ریلیف دے رہے ہیں لیکن جو غریب رات کو باہر سڑکوں پر باربی کیو لگاتے ہیں ان کو بند کررہے ہیں، کنسٹرکشن بند ہونے کا یہ مطلب ہے کہ بیروزگاری بڑھے گی۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کورونا میں بھی مزدور کی مزدوری بند نہیں کی تھی، ان کی پولیس صرف ایک کام پر لگی ہوئی ہے، ہماری پارٹی کے کارکنوں کو پکڑا جارہا ہے۔