لندن میں 3 لاکھ برطانوی پاؤنڈ مالیت کی پنیر کی انوکھی ڈکیتی
لندن: (ویب ڈیسک) لندن کی ایک ڈیری سے تقریباً تین لاکھ برطانوی پاؤنڈ مالیت کی پنیر چرا لی گئی جس کی پاکستانی قیمت 10 کروڑ روپے بنتی ہے۔
لندن کی معروف نیلز یارڈ ڈیری پر نوسر باز ہول سیل ڈسٹری بیوٹر کا روپ دھار کر آئے اور کم و بیش 22 ہزار کلو گرام ہائی اینڈ، ایوارڈ وننگ چیڈر چیز لے اڑے، پنیر کی یہ ورائٹی عالی شان ہوٹلوں میں یا پھر شادی کی ہائی پروفائل تقریبات میں استعمال ہوتی ہے۔
سیلیبرٹی شیف جیمی اولیور جو ’برہنہ باورچی‘ کی عرفیت سے بھی معروف ہیں، انہوں نے اپنے مداحوں سے اس سلسلے میں مدد مانگی ہے، انسٹا گرام پر اپنے ایک کروڑ پانچ لاکھ فالوورز سے استدعا کی ہے کہ دھوکے سے ہتھیائے گئے پنیر کا سراغ پائیں تو فوری طور پر مطلع کریں۔
چرائے جانے والے اعلیٰ درجے کے پنیر کی مجموعی مالیت تقریباً تین لاکھ برطانوی پاؤنڈ تھی، اسے اپنی نوعیت کی سب سے بڑی واردات قرار دیا جا رہا ہے، یہ واردات 21 اکتوبر کی ہے۔
چیڈر چیز کو یہ نام جنوب مغربی انگلینڈ کے ایک گاؤں سے ملا ہے جہاں سے اس نوعیت کے پنیر نے جنم لیا تھا، یہ پنیر کی سب سے مہنگی ورائٹی ہے۔