سونامی سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا ہوگا: مریم نواز
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ سونامی سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا ہوگا۔
سونامی سے آگاہی سے متعلق عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ سونامی جیسی قدرتی آفات فطری عوامل ہیں، موسمیاتی تبدیلی سے آفات میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان بھی کلائمیٹ چینج کے سنگین مسئلہ سے دو چار ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کرنا ہوگی، سونامی کی تباہی سے نمٹنے کیلئے ہمیں بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا اور اپنی حکمت عملی کو مضبوط بنانا ہے، حکومت پنجاب نے جامع کلائمیٹ پالیسی متعارف کرائی ہے جس میں قدرتی آفات میں انسانی جان و مال کا تحفظ بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، عوام میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے باقاعدہ آگاہی پروگرامز کا انعقاد کر رہے ہیں، ناگہانی صورتحال میں شہریوں کو حفاظتی اقدامات سے آگاہ ہونا چاہیے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی تعمیر میں زلزلے کے نقصانات سے بچاؤ کی تکنیک کو اپنایا جا رہا ہے، ماحولیاتی بہتری کیلئے شہری حکومت کا ساتھ دیں، دنیا کو یکجا ہو کر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔