بانی کے بیانات نہیں، کمیٹی کے تحریری مطالبات دیکھیں گے، عرفان صدیقی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیانات کو نہیں، اُن کی نامزد کردہ کمیٹی کے تحریری مطالبات کو دیکھیں گے۔

سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومتی کمیٹی کے رکن سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیوں نے پہلے اجلاس میں ہی خود کو بیرونی ماحول اور بیانات سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا، ہم "آؤٹ آف دی وے" جاکر کامیابی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خود بھی حکومت میں رہی ہے، جانتی ہے کہ جیلوں سے نکلنے یا نکالنے کا کیا آئینی وقانونی طریقہ ہے؟ کسی کا قید ہونا ڈیڈ لاک نہیں کہلا سکتا، ماضی میں بڑے بڑے سیاسی رہنما لمبے عرصے تک جیلوں میں رہے ہیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی سے بات چیت کے آغاز اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کی منظوری شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیوں کے پہلے اجلاس کے دِن ہی وزارت داخلہ کو پی ٹی آئی رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں سہولت دینے کا کہہ دیا گیا تھا، آئندہ بھی سہولت دیں گے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی پالیسیاں کسی رچرڈ گرینلے کی ٹویٹس پر نہیں بنتیں، وہ ایک "نان اینٹیٹی" ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں