کرم ایجنسی میں بگڑتی صورتحال، کراچی میں مذہبی جماعتوں کا 6 مختلف مقامات پراحتجاج
کراچی: (دنیانیوز) کرم ایجنسی میں بگڑتی صورتحال کے باعث کراچی میں مذہبی جماعتوں نے شہر کے 6 مختلف مقامات پراحتجاج کیا۔
مذہبی جماعتوں کی طرف سے یونیورسٹی روڈ، نمائش چورنگی،ملیر کالا بورڈ، نارتھ ناظم آباد، فائیو سٹار چورنگی پردھرنا دیا گیا، قائد آباد پل اورابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی دھرنا دیا گیا، شہر کے مختلف مقامات پر دھرنوں کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
نیشنل ہائی وے، قائد آباد پل، شارع فیصل، ایئرپورٹ، ملیراور ڈرگ روڈ پر ٹریفک جام رہی، کئی سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ٹریفک پولیس کے مطابق شہری ٹریفک جام سے بچنے کیلئے متبادل راستے اختیار کریں۔
ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ شہر کی کچھ سڑکوں پر ابھی بھی ٹریفک کا دباؤ ہے، سٹیڈیم روڈ، آغا خان سوئم روڈ، یونیورسٹی روڈ اور صدر سے ٹریفک کی روانی بحال کرا دی گئی ہے۔