شمالی وزیرستان میں شہید ہونیوالے میجر محمد اویس کی نماز جنازہ ادا
راولپنڈی: (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے میجر محمد اویس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 26 دسمبر 2024ء کوشمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس شہید کی نماز جنازہ میران شاہ میں ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں اور عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میجر محمد اویس شہید کے جسد خاکی کو آبائی علاقے نارووال روانہ کردیا گیا جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔