آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج بھی سرفہرست، شہریوں کا سانس لینا محال

لاہور: (سامیا سعید) پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 753 تک جا پہنچی ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں ڈی ایچ اے فیز 8 کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1391، امریکی قونصلیٹ کا 860 جبکہ مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 806 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ عسکری 10 کے علاقے کا اے کیو آئی 725 تک جا پہنچا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پنجاب: دھند اور سموگ کے باعث موٹرویز مختلف مقامات سے بند

اس کے علاوہ ملتان کا اے کیو آئی 527 ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد 226 اور راولپنڈی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 248 کو چھوگیا ہے۔

فضا میں زہریلے ذرات کے باعث شہریوں کو سانس لینے سمیت کئی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

واضح رہے کہ بڑھتی ہوئی سموگ کے باعث لاہور کے تمام پارکس، کھیل کے میدان، تاریخی مقامات، یادگار، میوزیم میں عوام کے داخلے پر 17 نومبر تک پابندی لگا دی گئی جبکہ ہوٹل اور مارکیٹس رات آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب بھر میں سموگ سے نمٹنے کیلئے ایئر پیوریفائررز لگانے کی ہدایت

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19 جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 93 فیصد تک جا پہنچا ہے، ہوا کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق شہر لاہور میں بارش برسنے کے کوئی امکانات نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں