کوشش ہے بچوں کیلئے بہتر ملک، بہتر صوبہ چھوڑ کر جائیں: مراد علی شاہ
کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ میں ہماری اکثریت بچے ہیں، آپ کے لئے ویسی دنیا نہیں چھوڑی جو ہمیں ملی تھی، حکومت کی کوشش ہے کہ ایک بہتر ملک اور بہتر صوبہ آپ کے لیے چھوڑ کر جائیں۔
یونیسیف پاکستان کی جانب سے بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے چلڈرن کانسرٹ کا اہتمام کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پورے پاکستان سے یہاں بچے آئے ہیں، یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ یونیسیف نے یہ ایونٹ کراچی میں کیا۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ موسمیاتی تبدیلی اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے کام کر رہی ہے، سندھ میں دو سال قبل بہت بڑا سیلاب آیا تھا، اس میں تقریباً دو تہائی صوبہ یعنی تقریباً 20 فیصد آبادی بے گھر ہوگئی تھی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے تہیہ کیا تھا کہ انہیں گھر دیں گے، اس کے لئے انہیں ایسے گھر دیئے جو اگر پھر کوئی ایسی آفت آئے تو کھڑے رہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ ڈیڑھ سال میں منصوبہ مکمل ہونے پر ان لوگوں کو گھر دیں گے، اس وقت تک یہ پراجیکٹ دنیا کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہوگیا ہے، کوشش کی ہے کہ بے گھر بچوں کو گھر فراہم کریں۔