اسرائیل کا شمالی غزہ میں اپنے 4 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حماس کے ہاتھوں اپنے 4 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا۔

فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی جبالیہ کیمپ میں حماس سے لڑائی میں مارے گئے، شمالی غزہ کی پٹی میں پیر کو لڑائی کے دوران 4 فوجی ہلاک ہوئے، یوں گزشتہ دن کی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں میں سٹاف سارجنٹ اور کاٹز، 20 سالہ معالیہ، 21 سالہ سٹاف سارجنٹ ناوی یائیر، 21 سالہ سٹاف سارجنٹ گیری لالھر زولت، 20 سالہ سٹاف سارجنٹ اوفیر الیاہو شامل ہے، جو کفیر بریگیڈ کے شمشون بٹالین سے تعلق رکھتے تھے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان فوجیوں کو ایک عمارت میں اینٹی ٹینک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، کفیر بریگیڈ شمالی غزہ میں جبالیہ کے قریب بیت لاہیہ کے علاقے میں حماس کے خلاف آپریشن میں مصروف ہے،

اسرائیلی فوج کے مطابق 27 اکتوبر 2023 کو غزہ کی پٹی میں زمینی آپریشن کے آغاز سے اب تک 369 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد مارے جانیوالے اسرائیلی فوجیوں کی کل تعداد 783 ہو گئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں