بحر ہند میں تباہ کن سونامی کو آئے 20 برس مکمل، دعائیہ تقریبات کا انعقاد

جکارتہ: (دنیا نیوز) بحرہند کے ساحلوں پرواقع 14 ممالک میں آج ہی کے دن 2004 میں آئے تباہ کُن سونامی کو 20 برس مکمل ہوگئے۔

انڈونیشیا، تھائی لینڈ اورسری لنکا سمیت دیگرمتاثرہ ملکوں میں دعائیہ اوریادگاری تقریبات کا انعقاد کیا جارہاہے، انڈونیشیا میں سونامی سے بچ جانے والے افراد اپنے پیاروں کو یاد کرنے بحرہند کے ساحل پرجمع ہوئے۔

سیکڑوں افراد نےیادگاری اوردعائیہ تقریب میں شرکت کی، صوبہ آچےکی سب سے بڑی مسجد بیت الرحمان میں اجتماعی دعا کا انعقاد کیاگیا۔

26 دسمبر 2004ء کو انڈونیشیا کے قریب بحرہند میں 9 اعشاریہ ایک شدت کے زلزلے سے 17 اعشاریہ چارمیٹر سے تیس میٹر اونچی دیوہیکل لہریں پیدا ہوئیں اورایشیا کے 14 ملکوں سے ٹکراگئیں، تباہ کن سونامی لہروں سے سب سے زیادہ انڈونیشیا ،تھائی لینڈ، سری لنکا اوربھارت متاثر ہوئے۔

500میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی بلند لہروں سے کئی ہنستی بستی بستیاں نیست ونابود ہوگئیں، مجموعی طورپر 2لاکھ 26ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے اورمتعدد لاپتا ہوگئے۔

انڈونیشیا کے صوبے آچے میں 1لاکھ 68 ہزارافراد لہروں کی نذر ہوگئے، تھائی لینڈ میں 5 ہزار395افراد ہلاک ہوئے ان میں 2ہزارغیرملکی سیاح بھی شامل ہیںجبکہ 3 ہزار افراد لاپتا ہوگئے جنھیں آسمان کھا گیا یا پانی نگل گیا کچھ پتا نہ چلا سکا۔

سری لنکا کے ساحلی علاقے میں سونامی لہریں ایک ٹرین کو بہا لے گئیں جس میں 1 ہزار277مسافرموت کی نیند سوگئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں