شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 خوارج ہلاک
راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے 6 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کر کے چھ خوارجیوں کو واصل جہنم کر دیا جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارجیوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا، خوارج سکیورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید خوارجیوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
صدر و وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شمالی وزیرستان میں خوارج کے خلاف آپریشن کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کامیاب کارروائی میں 6 خوارج کو جہنم واصل اور 6 کو زخمی کرنے پر سراہا، سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی شمالی وزیرِستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ملک میں دہشتگردی اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ/ گورنر سندھ
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سپن وام میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا اور 6 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 6 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے، دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی اور 6 خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگردوں نے کئی معصوم لوگوں کی جانیں لیں آج ان کا خاتمہ کر دیا گیا، پوری قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز پر فخر ہے، حکومت، سکیورٹی فورسز اور پوری قوم آخری دہشتگرد کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہیں۔