یاسمین عباسی توہین عدالت کیس: آئینی بنچ کی وکیل وفاقی محتسب کو جواب کیلئے مہلت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) یاسمین عباسی توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے وکیل وفاقی محتسب کو جواب کے لیے مہلت دے دی۔
سپریم کورٹ کے آئینی بنچ کے رو برو وفاقی محتسب یاسمین عباسی توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ سابق وفاقی محتسب یاسمین عباسی پیش نہیں ہوئیں جبکہ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ گزشتہ سماعتوں پر وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوتی رہی ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ یاسمین عباسی اب وفاقی محتسب نہیں رہیں، ہم کیوں سابق وفاقی محتسب کی طرف جا رہے ہیں؟
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ سوال یہ ہے کیا وفاقی محتسب کی کارروائی ہائیکورٹ میں چیلنج ہو سکتی ہے؟ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اگر کوئی فورم اختیار کے بغیر کارروائی کرے تو ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس میں کہا کہ معاملہ ابھی تو غیر مؤثر نہیں ہوا، لاہور ہائیکورٹ کے جج کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے، یاسمین عباسی کو نوٹس کرکے کارروائی سے آگاہ کیا جائے، ہائیکورٹ حکم امتناع کے باوجود وفاقی محتسب مقدمہ چلاتی رہی جبکہ حکم امتناع کے بعد محتسب کی کارروائی توہین عدالت تھی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ توہین عدالت کا نوٹس چیئرپرسن وفاقی محتسب کو جاری کیا گیا، یاسمین عباسی اب وفاقی محتسب نہیں رہیں، موجودہ وفاقی محتسب کو نوٹس کر دیں وہ آکر بتا دیں گے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے سوال اٹھایا کہ ہائیکورٹ جج کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے اسکا کیا ہو گا؟ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ چیئرپرسن محتسب آکر بتا دیں گے وہ معاملہ چلانا چاہتے یا واپس لینا چاہتے ہیں، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے جج اور وفاقی محتسب دونوں نے ایک دوسرے کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کیے ہیں۔
بعدازاں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے وکیل وفاقی محتسب کو معاملے پر ہدایات لے کر جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔