وی پی این صارفین کی رجسٹریشن کے لئے نیا پورٹل متعارف
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) کی رجسٹریشن کیلئے نیا پورٹل متعارف کرا دیا۔
غیر رجسٹرڈ و غیر قانونی وی پی اینز کی رجسٹریشن کے معاملے پر پی ٹی اے کی وی پی این رجسٹریشن فریم ورک پر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت ہوئی جس میں وزارت آئی ٹی، پی ایس ای بی اور پاکستان آئی ٹی ایسوسی ایشن کے نمائندگان شریک ہوئے۔
ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وی پی این کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایک محفوظ عمل متعارف کروا دیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق صارفین اپنے وی پی اینز ایک نئے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں، فریم ورک آئی ٹی کمپنیوں، فری لانسرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کیلئے ہے جس کا مقصد قانونی و رجسٹرڈ وی پی اینز کی بلاتعطل رسائی کو ممکن بنانا ہے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں محفوظ رابطوں کیلئے وی پی این کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ممکنہ غلط استعمال کے خدشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے کہا کہ رجسٹریشن کیلئے کمپنیوں اور فری لانسرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) اس وقت استعمال کیا جاتا ہے جب ملک میں کوئی ویب سائٹ یا ایپلی کیشن بند ہو۔
اگست میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اٹھارٹی ( پی ٹی اے) نے وی پی این کے استعمال پر سختی شروع کر دی تھی جس کا مقصد پہلے سے پابندی کا شکار مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ تک رسائی کو محدود کرنا تھا۔