سموگ میں خطرناک اضافہ، آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی میں 24 نومبر تک توسیع
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سموگ کا بحران سنگین صورت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی میں توسیع کر دی گئی ہے۔
سموگ کی شدت میں اضافے کے باعث آؤٹ ڈور سرگرمیوں میں توسیع 24 نومبر تک کی گئی ہے، قومی اہمیت کے تعمیراتی منصوبے پابندی سے مستثنٰی قرار دیئے گئے۔
لاہور میں ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی، بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں صرف فارمیسی کے حصے کھلے رہیں گے۔
حکومت کی جانب سے بھٹوں اور دیگر بھٹیوں کے کام کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں سموگ متاثرین کیلئے خصوصی کاؤنٹرز قائم ہوں گے، شادی ہالز میں اِن ڈور تقریبات پرانے اوقات کار رات 10 بجے تک ایس او پیز کے ساتھ جاری رہیں گی، پابندیوں کی خلاف ورزی پر 188 پی پی سی کے تحت کارروائی ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے پابندی کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔