پیپلز پارٹی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی مانگ لی
اسلام آباد: (دنیانیوز) پیپلز پارٹی نے باضابطہ طور پر پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی مانگ لی۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط ارسال کردیا جس میں پی اے سی اراکین کی ریکوزیشن پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق پی اے سی کے گیارہ اراکین نے ریکوزیشن جمع کروا رکھی ہے، سپیکر کے اجلاس نہ بلانے کی صورت میں پیپلز پارٹی نے خود اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا، سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سپیکر ایاز صادق سے مدد بھی مانگ لی، جب تک مستقل چیئرمین نہیں بنتا کمیٹی اراکین خود اپنا چیئرمین الیکشن ہے ذریعے منتخب کریں ۔
ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے پی اے سی کی سربراہی کےلیے تحریک انصاف سے پھر ناموں کا پینل مانگ لیا، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس معاملے پر سپیکر ایاز صادق سے ملاقات بھی کی تاہم تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کو ہی چیئرمین بنانے پر بضد ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے بھی پی اے سی کی سربراہی کیلئے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اشارہ دے دیا ، مارچ میں حکومت کے وجود میں آنے کے بعد پارلیمنٹ کی سب سے اہم کمیٹی پی اے سی اب تک اپنے چیئرمین کا انتخاب نہیں کرسکی۔