190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
راولپنڈی : (دنیانیوز) احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی ۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی ، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشری بی بی عدالت پیش نہ ہوئیں اور طبی بنیاد پرحاضری سے ایک روزہ استثنی کی درخواست دائرکردی ۔
ملزمان نے آج بھی 342کے تحت جاری سوالناموں پر جواب داخل نہیں کروائے ، نیب پراسیکیوشن ٹیم نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر اعتراض اٹھا دیا ، نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنا پلیڈر بھی مقرر نہیں کیا گیا، حاضری سے استثنی کی درخواست ریفرنس کو تاخیر کا شکار کرنے کے لیے ہے ، ملزمان کی جانب سے 342 کے سوال نامہ کے جواب بھی نہیں دیے گئے۔
نیب پراسیکوٹر کاکہنا تھا کہ ملزمان نے16 گواہوں کی طلبی سے متعلق جو درخواست دی ہے اس پر بھی بحث نہیں کی جا رہی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی ۔