پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اور فیصل امین کی حفاظتی ضمانت منظور
پشاور: (ذیشان کاکا خیل) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور فیصل امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے کسی بھی درج مقدمے میں گرفتاری سے روک دیا۔
پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، عمر ایوب اور فیصل امین گنڈاپور عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اکتوبر میں 50 مقدمات عمر ایوب کے خلاف درج کئے گئے جس میں ضمانت لی، دوسرے مرحلے میں دوبارہ مقدمات کا سلسلہ شروع ہوا، عمر ایوب کے خلاف دوبارہ 34 مقدمات درج ہوئے ہیں جس کیلئے عدالت آئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:حکومت ہمارے ساتھ مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتی: عمر ایوب
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کسی نے حتمی توبہ نہیں کی ہے، جب تک درخواست گزار اور حکومت توبہ نہ کریں یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔
پشاور ہائیکورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ پرانا سلسلہ چھوڑ دیں نئے کا بتائیں۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے بتایا کہ مجھے اڈیالہ جیل کے اطراف سے گرفتار کیا گیا تھا، حفاظتی ضمانت لینے کے باوجود مجھے نامعلوم مقدمات میں گرفتار کیا گیا جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دوبارہ معلوم اور نامعلوم مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے عمر ایوب اور فیصل امین گنڈا پور کی حفاظتی ضمانت 18 فروری تک منظور کرلی اور دونوں کو کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔