بلوچستان کی محرومیاں دور، دکھوں کا مداوا کرنے کا وقت آگیا: رانا مشہود

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ اور دکھوں کا مداوا کرنے کا وقت آگیاہے۔

رانا مشہود احمد خان نے میچنگ گرانٹس کے تیسرے مرحلے میں چیکس کی تقسیم کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں اتنا پوٹینشل ہے کہ اگر ہم مواقع فراہم کریں، سرمایہ کاری کوفروغ دیں تو یہ پورے پاکستان کو سنبھال سکتاہے، وزیراعظم شہبازشریف کے یوتھ امپاورمنٹ اور وومن امپاورمنٹ کے حوالے سے وعدے کو عملی جامہ پہنایاجا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معیشت بحال اور تمام اشاریئے مثبت نظر آرہے ہیں، دنیا کے وہ ممالک جو 8 سال پاکستان کا رخ نہیں کر رہے تھے آج پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں، بیرونی سرمایہ کاری سے مواقع میں اضافہ ہوگا، یہ وہ مواقع ہیں جہاں پاکستانی اپنا مستقبل بنا سکتے ہیں ماحول بہتر ہورہاہے۔

رانا مشہود نے مزید کہا کہ مختلف مواقع پر بچوں وبچیوں سے بات چیت ہوئی ہے یہ بچے کام کے جذبے سے سرشار ہیں، یہ کام کرناچاہتے ہیں، سب کو مل کر ڈیلور کرناہوگا، انہوں نے کہاکہ سیلانی ٹرسٹ اور نیوٹیک کے ساتھ مل کر ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ نوجوان جو پاکستان کے ساتھ اپنے علاقے کی ترقی مشروط کرتے ہیں انہیں مواقع دیں، ہمیں اپنے ماضی کو نہیں بھولنا چاہیے، وقت آگیاہے کہ جو قربانیاں دی گئی ہیں اس کاازالہ کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں