لاہور: باراتیوں کی ویگن نہر میں جا گری، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

لاہور: (دنیا نیوز) کینال روڈ پر باراتیوں کی ویگن حادثے کا شکار ہوگئی، ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاہور کے علاقے کینال روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور قابو نہ رکھ سکا اور ویگن نہر میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 4 زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ڈاکٹرز ہسپتال اور ایک کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق زخمیوں میں ایک بچی، ایک خاتون اور ایک مرد کو آئی سی یو منتقل کیا گیا، حادثہ میں جاں بحق شخص کی شناخت 55 سال کے حنیف کے نام سے ہوئی، جاں بحق شخص کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کر دی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں