وفاقی قانون کی موجودگی میں صوبائی قانون کے تحت زیادہ سخت سزا آئین کے منافی قرار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی قانون کی موجودگی میں صوبائی قانون کے تحت زیادہ سخت سزا دینا آئین کے آرٹیکل 143 کے منافی قرار، سپریم کورٹ نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بینچ نے ساجد خان کی درخواست پر فیصلہ سنایا، ساجد خان کو پشاور ہائی کورٹ نے صوبائی قانون کے تحت دی گئی سزا برقرار رکھی تھی۔
سپریم کورٹ کے مطابق ایف آئی آر کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز ایکٹ 1997 کے تحت درج کی گئی تھی، ٹرائل کورٹ اور اپیلٹ کورٹ نے صوبائی قانون 2019 کے تحت زیادہ سخت سزا سنائی۔
عدالت عظمیٰ کے مطابق آئین کے آرٹیکل 143 کے تحت وفاقی قانون کو صوبائی قانون پر فوقیت حاصل ہے، صوبائی قانون کے تحت دی گئی سزا آئینی طور پر درست نہیں۔
سپریم کورٹ نے صوبائی قانون کے تحت دی گئی سزا کالعدم قرار دے دی، عدالت نے درخواست گزار کی سزا میں نمایاں کمی کر دی، ساجد خان کو وفاقی قانون کے تحت پانچ سال قیدِ بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کردی۔