خیبرپختونخوا میں فیلڈ افسران کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں بدامنی کے باعث فیلڈ افسران کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے باعث صوبائی فیلڈ افسران عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے پیش نظر ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں فیلڈ سٹاف کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 150 سسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل سسٹنٹ کمشنرز کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، اس مقصد کے لیے افسران کے زیرِ استعمال موجودہ سرکاری گاڑیوں کو بلٹ پروف میں تبدیل کیا جائے گا۔
محکمہ ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ ایک گاڑی کو بلٹ پروف بنانے پر تقریباً 70 سے 80 لاکھ روپے لاگت آئے گی، یہ فیصلہ حالیہ بدامنی اور فیلڈ افسران پر پے در پے حملوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
محکمہ کے مطابق سال 2025 کے دوران خیبرپختونخوا میں دو سسٹنٹ کمشنرز کو دورانِ ڈیوٹی نشانہ بنایا گیا، 2 جولائی 2025 کو سسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل کو باجوڑ میں نشانہ بنایا گیا جبکہ 2 دسمبر 2025 کو سسٹنٹ کمشنر میر انشاہ شاہ ولی شاہ پر حملہ کیا گیا تھا۔
ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ مسلسل حملوں کے باعث فیلڈ سٹاف کو اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اسی لیے افسران کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ ناگزیر ہو چکا تھا۔