مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر اور شانزے علی رشتہ ازدواج میں منسلک
لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے نواسے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر اور شانزے علی شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
نکاح چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مفتی راغب نعیمی نے پڑھایا، حق مہر کی رقم صرف 1 لاکھ 25 ہزار روپے رکھی گئی۔
لاہور میں جنید صفدر کی شادی کی تقریبات جاری رہیں جبکہ آج دولہے نے سہرا باندھا، بارات لاہور کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پہنچی، دولہے کی گاڑی کو گلاب کے پھولوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا جبکہ تقریب میں متعدد معروف سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
جنید صفدر کی نکاح کی تقریب میں سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف، وزیراعظم میاں شہبازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف، میاں عامر محمود، چوہدری منیر، اسحاق ڈار نے شرکت کی۔
شیخ روحیل اصغر، علی روحیل اصغر، حمزہ شہباز شریف، سلمان شہبازشریف، حسین نواز، حسن نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، مفتی راغب حسین نعمی، رانا ثناء اللہ، مریم اورنگ زیب، عظمیٰ بخاری سمیت غیر ملکی مہمانوں بھی شریک ہوئے۔
جنید صفدر کی اہلیہ شانزے شیخ معروف سیاسی شخصیت شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں، جنید صفدر کے ولیمے کی تقریب کل 18 جنوری 2026 کو جاتی امرا میں منعقد ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ولیمے میں 800 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے، اس سے قبل مہندی کی تقریب گزشتہ شب جاتی امرا میں ہوئی، جس میں دلہا دلہن اور دونوں خاندانوں کے قریبی عزیز و اقارب شریک ہوئے۔
شادی کی تین روزہ تقریبات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔