جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم، عملدرآمد میں تاخیر نہیں کی: وزیراعظم آزاد کشمیر

کوٹلی:(دنیا نیوز) وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم، عملدرآمد میں کوئی تاخیر نہیں کی۔

چڑہوئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھورکا کہنا تھا کہ شاندار استقبال سیاسی نظام اور پیپلز پارٹی پر عوامی اعتماد کی علامت ہے، پوری ریاست میں سیاسی نظام بحال، عوام نے بلاول بھٹو زرداری پر اعتماد کا ثبوت دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ صرف دو ماہ میں وہ فیصلے کیے جو برسوں میں ممکن نہ ہو سکے، کشمیر بینک کو شیڈولڈ بینک بنانے کا عمل آخری مراحل میں ہے، تینوں ڈویژنز میں الگ تعلیمی بورڈز قائم کیے جا رہے ہیں، پراپرٹی ٹیکس میں نمایاں کمی، فیصلے عام آدمی کے مفاد میں ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیرکا کہنا تھا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم، عملدرآمد میں کوئی تاخیر نہیں کی، ریاست کسی صورت افراتفری کی متحمل نہیں ہو سکتی، نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ موجودہ حکومت ایک ٹرائل ہے، اصل آغاز 2026 کے انتخابات کے بعد ہوگا، عام آدمی کو وزیراعظم ہاؤس اور سیکرٹریٹ تک براہِ راست رسائی دی، ٹی ایچ کیو چوک صاحباں، گریڈ سٹیشن، یونیورسٹی کیمپس اور تعلیمی پیکیج کے اعلانات کیے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں