جرنلسٹ فاؤنڈیشن کا اجلاس، صحافی کالونی فیز 2 کا ماسٹر پلان منظور

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی زیر صدارت جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا اہم اجلاس ہوا جس میں صحافی کالونی فیز ٹو کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی گئی۔

جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے شرکت کی، ایم پی اے بلال یامین ستی، ڈپٹی سیکرٹری عدنان رشید، پی جے ایف سے اسد حسین، محمد یسین موجود تھے۔

جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے 44 ویں اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے بتایا کہ ہاؤسنگ کالونی میں سکول، چالیس فٹ سے سو فٹ تک روڈ، کمرشل ایریا، پارک بنیں گے، 400 ملین روڈا کو دیے جاچکے ہیں۔

طاہر رضا ہمدانی نے بتایا کہ زمین کی خریداری کا عمل تقریبا مکمل کرلیا ہے، سیکشن فور کے تحت روڈا سے زمین کی خریداری کررہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 5 مرلے کے 3200 پلاٹ صحافیوں کو دیے جارہے ہیں، مریم نواز لاہور کے 32 سو صحافیوں کو اپنی چھت فراہم کرنے جارہی ہیں، فروری میں وزیراعلیٰ پنجاب صحافیوں کو الاٹمنٹ لیٹر اپنے ہاتھوں سے دیں گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت خلوص نیت سے صحافیوں کو ان کی چھت فراہم کرنے جارہی ہے، بدقسمتی ہے کچھ صحافت کے لبادے میں چھپی کالی بھیڑیں اپنے ہی صحافی بھائیوں کی چھت کے خلاف ہیں، ایسے عناصر کو شرم آنی چاہئے جو صحافیوں کے بچوں کے مستقبل کو ذاتی سیاسی عزائم کےلیے استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان عناصر کو واضح پیغام ہے صحافیوں کی چھت پر گندی سیاست مت کریں، کچھ دنوں سے ایک سیاسی جماعت کے میڈیا ونگ کے لوگ صحافی کالونی فیز ٹو کے نام سے پروپیگنڈا کررہے ہیں، آئندہ چند دنوں میں ایسے عناصر کو منہ کی کھانی پڑے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور پریس کلب کی موجودہ انتظامیہ نے بہت تعاون کیا ہے، جرنلسٹ ہاوسنگ فاونڈیشن بہت جلد فیز ٹو کے ممبران کو ان کے پلاٹ دینے جارہی ہے، صحافی کالونی فیز ٹو کے 1400 صحافی ممبران نے اپنے ڈویلپمنٹ چارجز کے ایڈوانس جمع کروا دیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت اطلاعات پنجاب کے 635 ملازمین نے بھی ایڈوانس چارجز جمع کروادیے ہیں، صحافی کالونی فیز ٹو کے جن ارکان نے ایڈوانس جارجز جمع نہیں کروائے وہ بھی جلد کروادیں، نان ممبران کی بیلٹنگ کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مافیا بنا کر اور پریشر گروپ بناکر حکومت کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، راولپنڈی اور ملتان کی جرنلسٹ ہاوسنگ اسکیموں کے معاملات آئندہ میٹنگ تک ہولڈ کردیے گئے، ملتان پریس کلب سے کونسل ممبران صحافیوں کا ریکارڈ مانگ لیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور کی صحافی کالونی میں ایل ڈی اے کا کمرشل پلان آڈاپ کرلیا گیا، ہر پریس کلب دسمبر سے جنوری تک اپنے الیکشن کروانے کا پابند ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں