9 لاکھ 94 ہزار نوکریاں، مریم نواز نے تاریخ ساز پیشرفت سے آگاہ کر دیا
لاہور: (دنیا نیوز) 9 لاکھ 94 ہزار نوکریاں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تاریخ ساز پیشرفت سے آگاہ کر دیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ الحمدُللہ، فروری 2024 سے اب تک پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 9 لاکھ 94 ہزار 36 روزگار کے مواقع پیدا کیے جا چکے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ 3 لاکھ 15 ہزار 536 نوکریاں باقاعدہ سرکاری بھرتیوں، ادارہ جاتی اصلاحات اور سروسز میں توسیع کے ذریعے پیدا کی گئیں۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 22, 2026
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہیلتھ کلینکس، سکولز، ستھرا پنجاب سمیت دیگر منصوبوں سے نوکریاں دی گئیں، 2 لاکھ 3 ہزار روزگار کے مواقع آسان کاروبار اقدامات کے تحت ایس ایم ای فنانسنگ کے ذریعے فراہم کیے گئے۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ 4 لاکھ 75 ہزار 500 بالواسطہ اور بلاواسطہ پیدا ہونے والی نوکریاں اپنی چھت اپنا گھر، سڑکوں اور دیگر تعمیراتی منصوبوں سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب غربت کے خاتمے، جامع معاشی ترقی اور پائیدار روزگار کی فراہمی کے عزم پر ثابت قدم ہے۔