گل پلازہ سانحےکا سیاسی مقاصد کیلئے استعمال بڑا جرم ہے: مراد علی شاہ
کراچی :(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گل پلازہ سانحےکاسیاسی مقاصد کیلئے استعمال بہت بڑا جرم ہے۔
شہرِقائد میں سندھ اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایسا نہ کریں کہ لوگوں کی لاشوں پراپنا خفیہ ایجنڈا شروع کردیں، متاثرین کو ایک، ایک کروڑ روپے دیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ جس کسی کی غفلت ہے اسے سزا ضرور ملے گی، غفلتیں، کوتاہیاں ہیں، ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے، اس وقت یہ کہا جائے کہ 18ویں ترمیم کی وجہ سے یہ سب کچھ ہوا ہے، ایسے سانحےکو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا بہت بڑے جرم کے مترادف ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بیجا تنقید کےبجائےاصلاح والی تنقید کریں، خفیہ ایجنڈا چلانے کی اجازت نہیں دیں گے، 18ویں ترمیم سے پہلے کا گند ہم صاف کر رہے ہیں، قومی اسمبلی میں18ویں ترمیم پربات کی جارہی ہے، غلطیوں کی نشاندہی کریں برا نہیں مانیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کوشش ہو گی گل پلازہ میں دکانیں دوسال میں تعمیر کر لی جائیں، دوماہ میں دکانداروں کے لیے عارضی دکانوں کا بندوبست کر لیں گے، اِن لوگوں کوصوبہ سندھ ایک آنکھ نہیں بھاتا، ایک شخص نے کہا 18 ویں ترمیم سے یہ سب ہوا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں کہاں سےایک سانحے کو 18ویں ترمیم سے جوڑ دیا گیا، مجھےکہنا پڑ رہا ہے کہ چور کی داڑھی میں تنکا، وفاق صوبے کے کسی حصے کو آکر کنٹرول کر لے قانون میں ایسا کچھ نہیں ہے، ایک سانحے پر کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات نہیں کرنا چاہیے۔