افغانستان اور پاکستان بین الاقوامی قانون کی پاسداری کریں: اقوامِ متحدہ کی اپیل

نیویارک: (دنیا نیوز) پاکستان اور افغاستان کے درمیان تازہ ترین کشیدہ صورتحال اور جھڑپوں پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے اظہارِ خیال کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون، بالخصوص بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی سختی سے پابندی کریں۔

دوسری جانب انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے سرحدی جھڑپوں اور مہلک فضائی حملوں کے بعد افغانستان اور پاکستان سے مسائل کے حل کے لیے باہمی بات چیت کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال حملوں کے بعد کابل، پکتیا اور قندھار میں افغان طالبان کے دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا جس میں افغان طالبان رجیم کے 133 اہلکار ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

افغانستان میں طالبان کی حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر پاکستانی سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیاں کرنے کا دعویٰ کیا تھا، افغان طالبان نے اسے چند روز قبل پاکستان کی جانب سے افغانستان کے سرحدی علاقوں میں بمباری کا جواب قرار دیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں