اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان رابطہ، تہران پر حملے کی مذمت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں دونوں جانب سے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اسحاق ڈار سے فون پر بات چیت کی، جس کے دوران ایران اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے ایران اور وسیع تر خطے میں پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال کا جائزہ لیا اور اس کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے خلاف ہونے والے بلاجواز حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ کشیدگی کو فوری طور پر کم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کا پُرامن اور مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کے لیے سفارتی عمل کی جلد بحالی ناگزیر ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تنازع کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے، جس کے ذریعے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر حملے کیے گئے ہیں، جس کے جواب میں ایران نے بھی اسرائیل پر میزائل داغے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں