لندن، پیرس، ویانا میں معرکۂ حق کی سالگرہ تقریبات، افواج کو خراجِ تحسین
لندن: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) برطانیہ، فرانس اور آسٹریا میں پاکستانیوں نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی تقاریب جوش و جذبہ سے منائیں، افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پُروقار خصوصی تقریب منعقد کی گئی، برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان، پاکستانی نژاد کونسلرز، تاجروں، ہائی کمیشن افسران، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
قائم مقام ہائی کمشنر حسیب بن عزیز نے کلیدی خطاب میں کہا کہ یہ اجتماع پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے، معرکہ حق کے دوران افواجِ پاکستان نے تیز، فیصلہ کن اور مؤثر ردعمل دیا جس نے ملک کی خودمختاری اور وقار کا دفاع کیا۔
یہ بھی پڑھئے: آئی ایس پی آر کے نئے نغمے لَلکار کا ٹیزر جاری، وطن سے محبت کی نئی صدا
ڈیفنس اور نیول ایڈوائزر کموڈور جواد خواجہ اور آرمی و ایئر ایڈوائزر کرنل محسن وقار نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاکستان کی دفاعی افواج نے اتحاد اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔
پریس منسٹر علی نواز ملک نے بتایا کہ ہائی کمیشن نے برطانوی میڈیا کو درست معلومات فراہم کرنے اور جھوٹے بیانیے کے مقابلے میں مؤثر کردار ادا کیا۔
پیرس میں بھی شاندار تقریب، قومی اتحاد کا پیغام
پیرس میں بھی معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پرجوش اور پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ظہور اقبال نے کیا۔
تقریب میں پاکستان سے آئے صحافیوں، پاکستانی سفارت خانے کے نمائندوں، ملٹری اتاشی، پریس کونسلر، سول قیادت اور بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔
شرکاء نے پاکستان کی مسلح افواج، سیاسی قیادت اور عوام کے اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی نے ملک کی خودمختاری کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا، شرکاء نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اُنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معرکۂ حق کا جذبہ آئندہ بھی پاکستان کو مزید مضبوط، مستحکم اور متحد رکھے گا۔
اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قومی اتحاد، افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کی حمایت نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ویانا میں پاکستانی کمیونٹی کا فوج سے اظہارِ ہکجہتی
ویانا میں بھی سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں آسٹریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو اہلِ خانہ سمیت شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
تقریب کے دوران ’معرکۂ حق‘ میں پاکستان کی مبینہ کامیابیوں پر مبنی ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، بعد ازاں شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی تھا۔