بھارتی جیل میں انتقال کرنیوالے پاکستانی ماہی گیر کی میت وطن پہنچا دی گئی
کراچی: (دنیا نیوز) بھارتی جیل میں انتقال کر جانے والے پاکستانی ماہی گیر اسماعیل کی میت ضروری سفارتی اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پاکستان پہنچا دی گئی، جسے ایدھی فاؤنڈیشن نے لاہور سے کراچی منتقل کرکے ورثا کے حوالے کر دیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق 75 سالہ اسماعیل ولد ابراہیم سال 2021 سے بھارتی جیل میں قید تھے، جہاں دورانِ قید ان کا انتقال ہو گیا تھا، ضروری سفارتی اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بھارتی حکام نے ان کی میت پاکستان روانہ کی۔
میت کو پہلے لاہور پہنچایا گیا، جہاں سے ہوائی جہاز کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا۔ کراچی ایئرپورٹ پر ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے میت وصول کی اور ایمبولینس کے ذریعے اسے مرحوم کے آبائی علاقے کیماڑی، بدر گراؤنڈ میں واقع گھر منتقل کر دیا، جہاں اسے ورثا کے حوالے کیا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر میت کی وطن واپسی اور کراچی منتقلی کے تمام انتظامات کیے گئے تاکہ مرحوم کی تدفین ان کے آبائی علاقے میں اہل خانہ کی موجودگی میں انجام دی جا سکے۔