گلگت بلتستان انتخابات میں امن و امان کی صورتحال بہتر رہی: چیف الیکشن کمشنر
گلگت: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز کا کہنا ہے کہ انتخابات میں امن و امان کی صورتحال بہتر رہی، الیکشن میں خواتین کا ٹرن آؤٹ زیادہ ہے،
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ شہباز خان نے کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوئے اور عوام نے ووٹنگ کے عمل میں بھرپور حصہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لیے 15 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے تھے، جس کے باعث ووٹرز نے پُرامن ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق گلگت بلتستان کی تاریخ میں یہ سب سے پرامن الیکشن رہا، جبکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
راجہ شہباز خان نے کہا کہ انہوں نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے انتخابی عمل کا جائزہ لیا اور انتخابی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پر عوام کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک انتخابی دھاندلی یا کسی قسم کی انتخابی بے ضابطگی کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔