کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی سیاست پرعوام برہم
مظفر آباد: (دنیا نیوز) کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی سرگرمیوں کے حوالے سے بعض مقامی شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل ہڑتالوں اور احتجاجی مظاہروں سے سیاحت اور مقامی معیشت متاثر ہو رہی ہے۔
وادی نیلم اور دیگر سیاحتی علاقوں کے عوام کا کہنا ہے کہ مسلسل ہڑتالوں اور احتجاجی سرگرمیوں سے سیاحت اور مقامی معیشت شدید متاثر ہوئی ہے، ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز اور سیاحتی کاروبار سے وابستہ افراد نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر یقینی صورتحال کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
مقامی شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، عوام نے پاکستان سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی ترقی اور استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
شہریوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پرامن اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافہ کریں، مسائل کے حل کے لیے آئینی اور پرامن راستہ اختیار کیا جانا چاہیے تاکہ عوامی مفادات اور سیاحت کا شعبہ مزید متاثر نہ ہو۔