کارگو طیارے کے حادثے میں لاپتا فرسٹ افسر کے اہلخانہ کی سلامتی کی دعا

کراچی: (دنیا نیوز) شارجہ سے کراچی آنے والے کے ٹو ایئر کے کارگو طیارے کو بحیرۂ عرب میں پیش آنے والے حادثے کے بعد عملے کے پانچوں افراد تاحال لاپتا ہیں، جن میں کراچی سے تعلق رکھنے والے فرسٹ افسر فیصل محمود جتوئی بھی شامل ہیں۔

فیصل محمود جتوئی کراچی کے علاقے کلفٹن کے رہائشی ہیں، ان کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی اور وہ دو سالہ بیٹے کے والد ہیں۔

فرسٹ افسر فیصل محمود جتوئی کے سسرغلام نبی بہرانی نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل محمود کی عمر 32 سال ہے، فیصل اس شعبے سے گزشتہ ڈھائی سال سے وابستہ ہیں، انہوں نے نجی کارگو کمپنی میں دو ماہ قبل ملازمت اختیار کی۔

انہوں نے بتایا کہ شارجہ سے روانگی سے قبل فیصل نے اپنی اہلیہ کو فون کیا تھا، فیصل نے کہا کہ شارجہ سے کراچی کے لیے نکل رہے ہیں، کئی گھنٹے انتظار کے بعد جب فیصل کراچی نہیں پہنچا تو تشویش ہوئی، فیصل کے نمبر پر مسلسل رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہ ملا۔

گوگل کے ذریعے پتہ لگا کہ طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا ہے، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن سے مطمئن ہیں، دعا گوں ہیں کہ فیصل سمیت عملے کے تمام افراد سلامتی کے ساتھ واپس آجائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں