پی ڈی ایم اے نے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا الرٹ جاری کر دیا
پشاور: (دنیا نیوز) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) کا الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرم موسم اور آئندہ ہفتے متوقع تیز بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے اپر و لوئر چترال، سوات، بحرین، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے حساس گلیشیائی علاقوں میں ہائی الرٹ رہنے اور مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو اداروں، مشینری اور ہنگامی عملے کو ہر وقت تیار رکھنے، خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت آگاہ کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دریا، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران برساتی ندی نالوں اور تیز بہاؤ والے پانی کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔