طوفان باوی سے فلپائن میں لینڈ سلائیڈنگ، ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی
منیلا: (دنیا نیوز) طوفان باوی کے باعث فلپائن میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی، لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق طوفان باوی آج جنوب مشرقی چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر چین میں سکول بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ ہنگامی ٹیموں اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔
تائیوان میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث 14 ہزار سے زائد افراد کا انخلا کیا گیا ہے جبکہ تقریباً 1200 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
جاپان کے جنوبی جزائر میں بھی طوفانی موسم کے باعث 200 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق طوفان باوی کے باعث خطے میں فضائی، بحری اور زمینی ٹرانسپورٹ شدید متاثر ہوئی ہے، حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔