پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر منا رہے
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر منا رہے ہیں۔
13 جولائی 1931 کے روز ڈوگرا فورسز نے 22 کشمیریوں کو شہید کیا، مظلوم کشمیری آج بھی بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہیں، بھارت نے آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کو ظلم و جبر کی آماجگاہ بنا رکھا ہے۔
گزشتہ تین دہائیوں میں 96 ہزار سے زائد کشمیری شہید کئے جا چکے، دو لاکھ سے زائد بچے یتیم ہو چکے، ہزاروں کشمیری بھارت کی بدنام زمانہ جیلوں میں قید ہیں۔
جولائی 1931 تحریک آزادی کشمیر کا وہ تاریخی سنگ میل ہے جب عبدالقدیر نامی کشمیری کے مقدمے کی سماعت جیل میں جاری تھی جیل کے باہر ہزاروں کشمیری جمع تھے وقت ظہر آیا ایک نوجوان نے آذان شروع کی ڈوگرا فوج نے گولی مار دی پھر دوسرا، تیسرا اور چوتھا یکے بعد دیگر 22 جوان شہید کر دیئے گے مگر آذان مکمل ہوئی اور تاریخ گواہ بن گئی کہ یہ قربانی کشمیر کی آزادی کی بنیاد ہے۔
غلام محمد صفی کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ کشمیری عوام ہر سال اس دن کو یوم شہدائے کشمیر کے طور پر مناتے ہیں، سات دہائیوں سے وہ زائد عرصہ سے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہیں اور قربانیوں کی لازوال داستان رقم کر رہے ہیں۔
منظور احمد شاہ رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت نے آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کو ظلم و جبر کی آماجگاہ بنا رکھا ہے، گزشہ تین دہائیوں میں 96 ہزار سے زائد کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں، دو لاکھ سے زائد بچے یتیم ہو چکے ہیں اور ہزاروں کشمیری بھارت کی بدنامہ زمانہ جیلوں میں قید ہیں۔
صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے یومِ شہدائے کشمیر پر 22 شہدائے 1931ء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر فوری بند کرے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری روکی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا اور فوجی محاصرہ ختم کیا جائے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں بند کرے، 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ بھارتی اقدامات غیر قانونی تھے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرے، تنازع جموں و کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، پاکستان ہر حال میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدائے کشمیر کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 13 جولائی 1931 کے 22 کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں کشمیری عوام کی جدوجہد کا روشن باب ہیں، یوم شہدائے کشمیر عزم، جرات اور استقامت کی علامت ہے، کشمیری عوام حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، حکومت پاکستان جموں وکشمیر کے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔