ایل اے 28 لچھراٹ کی 3 یوسیز میں ایک بجے تک پولنگ شروع نہ ہو سکی

مظفرآباد: (محمد اسلم میر) آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے میں حلقہ ایل اے 28 لچھراٹ کی 3 یونین کونسلوں پنجگراں، پنجکوٹ اور نوسیری نوسدہ میں دن ایک بجے تک پولنگ کا عمل شروع نہ ہو سکا، جس کے باعث 15 سے 20 ہزار کے قریب ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم رہے۔

‎ذرائع کے مطابق تینوں یونین کونسلوں کیلئے مقررہ پولنگ عملہ انتخابی سامان سمیت رات بھر ہونے والی بارش کے باعث مظفرآباد میں پھنس گیا، جس کی وجہ سے مقررہ وقت پر پولنگ سٹیشنز پر نہ پہنچ سکا۔

‎پولنگ شروع نہ ہونے پر سیاسی کارکنوں اور امیدواروں کی جانب سے الیکشن کمیشن کے انتظامات پر شدید تنقید کی گئی ہے، حلقہ ایل اے 28 لچھراٹ 10 یونین کونسلوں پر مشتمل ہے۔

ادھر مظفرآباد ڈویژن کے تینوں اضلاع نیلم، جہلم ویلی اور مظفرآباد میں پولنگ کو 5 گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹرن آوٹ بیس سے تیس فیصد رہا ہے، ایل اے 27 کوٹلہ میں پولنگ چار اگست (بروز منگل) کو ہوگی۔

حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد شہر کے بیشتر پولنگ سٹیشنز پر مرد ووٹرز کے مقابلے میں خواتین رائے دہند گان کی تعداد زیادہ ہے، مجموعی طور پر مظفرآباد ڈویژن کی 9 میں سے 8 نشستوں پر پولنگ جاری ہے، پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

شاہراہِ نیلم پر بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دو حلقوں میں انتخابی عمل تعطل کا شکار ہوگیا۔

مظفرآباد ڈویژن کے ووٹرز ایل اے 27 کوٹلہ اور ایل اے 28 لچھراٹ کی تین یونین کونسلوں کے سوا باقی 8 اور مہاجرین جموں وکشمیر کے 12 انتخابی حلقوں میں شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، ‎پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، دو بجے تک ٹرن آوٹ بیس سے تیس فیصد کے درمیان تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...