پنجاب میں ٹورازم کا بے پناہ پوٹینشل ہے، مریم نواز
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم سیاحت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب میں ٹورازم کا بے پناہ پوٹینشل ہے اور سیاحت کے فروغ کے لیے ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
مریم نواز شریف نے سیاحت کے پرعزم جذبے رکھنے والوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو زمین پر چلنے پھرنے اور غور و فکر کی دعوت دی ہے، سیاحت انسان کی فطری صلاحیتوں کو جلا بخشتی اور فکر و تدبر میں معاونت کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاک سرزمین کو بے پناہ سیاحتی خوبصورتیوں سے نوازا ہے، پنجاب کا تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے باعث کشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا رواں سال لاہور کو سیاحتی اور ثقافتی دارالحکومت قرار دینا خوش آئند ہے۔ قدرتی حسن سے مالا مال پنجاب کے علاقے کسی ترقی یافتہ ملک سے کم نہیں۔
مریم نواز شریف کے مطابق پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے پائیدار اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ قدیمی قلعے، مذہبی مقامات اور دلکش وادیاں سیاحت کے لیے نہایت موزوں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مری گلاس ٹرین سیاحوں کے لیے نئی دلکشی پیدا کرے گی، جبکہ مری مال روڈ سمیت دیگر سڑکوں کی تعمیر و توسیع کی جا رہی ہے۔ کوٹلی ستیاں بھی نیا سیاحتی مقام بن کر ابھر رہا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ سیاحت کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ٹورازم ڈویلپمنٹ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر ابھرے گا اور پاکستان کے خوبصورت چہرے کو دنیا بھر میں روشناس کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی ورثے کو اجاگر کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سیاحت کے فروغ سے نئے روزگار پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت مضبوط ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پنجاب میں سیاحتی مقامات کو جدید سہولیات اور تعمیر نو کے ذریعے دلکش بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب کے سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے پائیدار اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نوجوانوں اور مقامی آبادی کو سیاحت کے ذریعے معاشی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سیاحت پنجاب کی معیشت اور ثقافت کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments