پی ٹی آئی کے مطالبات جائز، گورنر راج گلے پڑ جائے گا، حافظ نعیم

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مطالبات جائز ہیں، گورنر راج گلے پڑ جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم ہونی چاہئیں، ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سیاسی کشمکش میں عوام کے اصل مسائل نظر انداز ہوگئے ہیں، عوام جن کے ووٹ اور حمایت سے سیاسی جماعتیں آگے بڑھتی ہیں، انہی کے مسائل نظر انداز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ٹرانسپورٹ، تعلیم، صحت اور روزگار عوام کے بنیادی مسائل ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی عوام کا بنیادی مطالبہ ہے۔ حکومت بہانے بناتی ہے کہ عالمی سطح پر پیٹرول مہنگا ہے، اس لیے قیمت بڑھائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے باعث حکومت پیٹرول کی قیمتوں پر بات چیت پر آئی، تاہم حکومت سے بات چیت کے باوجود جماعت اسلامی احتجاج سے دستبردار نہیں ہوئی۔ پورے پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جو تھوڑا بہت ریلیف دیا جا رہا ہے، یہ جماعت اسلامی کے احتجاج کی وجہ سے ہے۔ لاہور میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود احتجاج کیا گیا، جبکہ عوامی رائے لینے کے لیے احتجاجی کیمپ اور ریلیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تو پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں ریلیف پر دوٹوک بات ہوگی۔ جس مقام پر پہنچ چکے ہیں وہاں سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول پر عائد لیوی قیمت سے متعلق نہیں، یہ عوام پر بھتہ اور گنڈا ٹیکس ہے۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام میں پیٹرول لیوی عائد کرنا لازمی شرط نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں 152 ارب روپے کی بچت کا ہدف دیا گیا ہے، حکومت یہ بچت پیٹرول کی کھپت کم اور پی ایس ڈی پی میں کٹ لگا کر کرسکتی ہے۔ حکومت نے 152 ارب روپے کی بچت کے بجائے عوام پر بوجھ ڈال دیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے پر آئی ایم ایف نے خود سبسڈی دینے کی اجازت دی تھی۔ حکومت نے پیٹرول پر سبسڈی دی، جس سے تقریباً 140 ارب روپے کی بچت ہوئی، تاہم اپریل میں پیٹرول پر سبسڈی ختم کردی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ملک میں گورننس اور پرفارمنس کا فقدان ہے۔ دنیا اے آئی کے دور میں داخل ہوچکی ہے لیکن بنیادی کمپیوٹر تعلیم بھی عوام کی دسترس میں نہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے امریکہ اور عالمی نظام پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہو کر پوری دنیا کو تباہ کر رہا ہے اور اس کی پالیسیاں سامراجیت اور عالمی نظام پر قبضے کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سمیت مختلف حکومتیں ملک کو بار بار آئی ایم ایف پروگراموں میں لے کر گئیں۔ آئی ایم ایف پروگرام کی کچھ شرائط بظاہر صاف ہیں لیکن ملکی آزادی متاثر ہوتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...