افغانستان میں فتنہ الہندوستان و خوارج کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی، 22 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی کارروائی کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق دو مقامات پر فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہو گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر انتہائی درستی سے کی گئی، کارروائی کے دوران شہریوں کے تحفظ اور عدمِ جانی نقصان کو یقینی بنایا گیا۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے واضح کیا گیا کہ آپریشن غضب لِلحق کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، پاکستان کی جانب سے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: نورستان کی لڑائی کا الزام پاکستان پر عائد کرنا سفید جھوٹ ہے: وزارتِ اطلاعات

بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی، پاکستان کو دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے لاحق ہے، افغانستان کا دہشت گردی کا مرکز بنے رہنا پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔

وزارت اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے لیے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہمیشہ کوشاں رہا ہے، عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن غضب لِلحق پوری رفتار سے جاری رہے گا، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پرعزم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...