شرجیل انعام میمن کا حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر شدید ردعمل سامنے آگیا
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر شدید ردعمل سامنے آگیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حافظ نعیم کی جانب سے غریبوں کی امداد کو بھیک کہنا غریب دشمن منافقانہ سوچ کا مظہر ہے، غریب خواتین اور ضرورت مند خاندانوں کی تضحیک کرنا شرمناک بات ہے، غریب کو دو وقت کی روٹی کے لیے سہارا دینے پر سیاست بے حسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام جماعت اسلامی کو پسند کرتے تو آج میئر ایک جیالا نہ ہوتا، امیر جماعت اسلامی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے غریبوں کے حقِ امداد کو متنازع نہ بنائیں۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ حافظ نعیم غریبوں کی مدد پر طعنے دینے سے غربت ختم نہیں ہوتی، اس کے لیے انقلابی اقدامات کرنے ہوتے ہیں۔ جماعت اسلامی غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے بجائے عوام کی خدمت کا اپنا کوئی کارنامہ بتائے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ غریب کی مدد کرنا اس کی تذلیل نہیں بلکہ ریاست و حکومت کی ذمہ داری ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دنیا کا بہترین پروگرام ہے جس کا اعتراف عالمی اداروں نے بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر تنقید دراصل غریب خواتین اور مستحق خاندانوں کی تضحیک ہے، پیپلز پارٹی نے غریبوں کو سہارا دیا جبکہ جماعت اسلامی صرف پریس کانفرنسوں کی سیاست کر رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments