زیلنسکی کا یوکرین کے توانائی نظام کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کا اعتراف

ماسکو: (شاہد گھمن) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اعتراف کیا ہے کہ ملک کے توانائی نظام، بجلی کی ترسیلی لائنوں اور متعلقہ تنصیبات کو ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

زیلنسکی نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں کہا کہ بجلی کے گرڈ اور ترسیلی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

بجلی کی قلت کے باعث یوکرین میں مسلسل تیسرے روز بھی طے شدہ لوڈشیڈنگ نافذ رہی، دارالحکومت کیف اور متعدد علاقوں میں بجلی کے نظام پر اضافی دباؤ کے باعث ہنگامی بنیادوں پر بھی بجلی بند کرنا پڑی۔

کیف میں گزشتہ روز بجلی کی بندش آٹھ گھنٹے تک جاری رہی، بجلی سے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو سروس متاثر ہوئی جبکہ پمپنگ کا نظام بند ہونے سے شہر کے کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی میں بھی مشکلات پیش آئیں۔

کیف کے میئر وٹالی کلیچکو نے کہا ہے کہ شہر کو بقا کے نظام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

گزشتہ موسم سرما میں بھی یوکرین کے مختلف علاقوں کو بجلی اور حرارتی نظام کی طویل بندش کا سامنا کرنا پڑا تھا، بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا تھا جبکہ کیف اور دیگر شہروں کے بعض حصوں میں کئی روز تک حرارتی نظام دستیاب نہیں تھا۔

یوکرینی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والا موسم سرما گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ مشکل ثابت ہوسکتا ہے، یوکرین کے سرکاری پاور گرڈ آپریٹر یوکرینرگو کے مطابق متاثرہ توانائی تنصیبات کی مرمت کا کام اب بھی جاری ہے۔

یوکرینی پارلیمان کی توانائی اور عوامی سہولتوں سے متعلق کمیٹی کے نائب سربراہ الیکسی کوچرینکو نے شہریوں کو موسم سرما سے پہلے پانی اور جلانے کی لکڑی ذخیرہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

تاس کے تخمینے کے مطابق رواں سال کے وسط تک یوکرین کے ذخائر میں تقریباً سات ارب مکعب میٹر گیس موجود تھی جبکہ موسم سرما گزارنے کے لیے کم از کم 13 ارب 20 کروڑ مکعب میٹر گیس درکار ہے۔

ملک میں حرارتی کوئلے کے ذخائر تقریباً 22 لاکھ ٹن بتائے گئے ہیں، جو صرف موسم گرما اور خزاں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔

توانائی تنصیبات کی بحالی اور بجلی کی مقامی پیداوار بڑھانے کی کوششوں کے باوجود یوکرین کے بجلی نظام کی موجودہ پیداواری صلاحیت تقریباً 12 گیگاواٹ ہے جبکہ موسم سرما میں 18 سے 19 گیگاواٹ بجلی کی ضرورت پڑتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...